سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں جمعرات سے پیر تک بارش، ’احتیاط کریں‘
جمعرات 19 اکتوبر 2023 5:13
محکمہ شہری دفاع نے احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے بارش اور سیلاب کے حوالے سے جاری احتیاطی تدابیر کی پابندی کی پھر ہدایت کی ہے۔
مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعرات 19 اکتوبر سے آئندہ پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’تمام لوگ وادیوں، تالابوں اور سیلاب کے مراکز سے دور رہیں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔‘
’سیلاب اور بارش سے جمع ہونے والے پانی میں تیراکی کا شوق نہ کریں۔ ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کردہ ہدایات کی پابندی کی جائے۔‘
موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کے مطابق ’مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش، ژالہ باری ہو اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بارش سے سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔‘
طائف، میسان، اضم اور العرضیات بارش اورژالہ باری کی زد میں ہوں گے۔ عسیر، جازان اور باحہ ریجنوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ’مکہ مکرمہ ریجن میں مقدس شہر کےعلاوہ الجموم اور الکامل میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ شمالی حدود ریجن، الجوف، حائل اورالشرقیہ ریجنوں میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔‘