سعودی عرب اور یورپی یونین کا تجارتی حجم 80 ارب ڈالر تک پہنچ گیا: خالد الفالح
1300 یورپی کمپنیاں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کیے ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب اور یورپی یونین میں شامل ممالک کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم 80 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق پیر کو ریاض میں سعودی یورپی سرمایہ کاری فورم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ’ 1300 یورپی کمپنیاں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کیے ہوئے ہیں‘۔
’2021 کے مقابلے میں 2022 کے دوران یورپی یونین میں شامل ممالک نے سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے‘۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا کہ ’سعودی عرب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے بڑی کشش ہے۔ یورپی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے متعدد ترغیبات ہیں‘۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’سعودی عرب کا محل وقوع سٹراٹیجک نوعیت کا ہے جبکہ انفراسٹریکچر عالمی معیار کا ہے۔ معاملات میں شفافیت ہے‘۔
بندرالخریف نے کہا’ یورپی سرمایہ کاروں کے لیے سعودی عرب کی قومی صنعتی حکمت عملی بڑی اہم ہے۔ سعودی عرب پرائیویٹ سیکٹر کو اپنے قدموں پر کھڑا کررہا ہے اور صنعتی شعبے میں مسابقت اور لچک کا ماحول بڑھا رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا’ ریاض میں ہر سال جنوری میں کانکنی کی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ آئندہ سال تیسری بین الاقوامی کانفرنس ہوگی جس میں ان معدنیات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن کی ڈیمانڈ ہے‘۔