سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو نیویارک میں ہالینڈ کی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں غزہ اور گردو نواح کی تازہ صورتحال اور فوجی کشیدگی بند کرنے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی قوانین و روایات اور انسانیت نواز اصولوں کی تعمیل میں شہریوں تک غذائی، طبی اور ضروری سامان پہنچانے کے لیے محفوظ راہداریاں کھولنے کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے سعودی عرب کا یہ مطالبہ پھر دہرایا کہ مشرق وسطی کے بحران کا پرامن حل نکالا جانا ضروری ہے تاکہ یہ خطہ تشدد کی مسلسل بھول بھلیوں سے آزاد ہوسکے خونریزی بند ہو اور فلسطینی عوام کو پائیدار مبنی بر انصاف جامع امن میسر آئے۔
یہ ملاقات مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطح کے مباحثے کے موقع پر کی گئی۔
سیکریٹری خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی اور اقوام متحدہ میں متعین سعودی مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل موجود تھے۔