Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم تمام عام شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں: سعودی وزیر خارجہ

اجلاس میں غزہ اور گردو نواح کی صورتحال اورعرب کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا(فوٹو: عرب نیوز)
نیویارک میں اقوام متحدہ کے سعودی مشن کے ہیڈکوارٹر میں وزرا پر مشتمل عرب گروپ نے اجلاس میں غزہ کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ اجلاس مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلی سطح کے مباحثے سے قبل منعقد کیا گیا۔ 
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ  ڈاکٹر ایمن الصفدی، مصری وزیر خارجہ سامح شکری،  الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عتاب، فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی، لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ الطاہر الباعور، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط اور متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نورہ الکعبی نے شرکت کی۔ 
اجلاس میں غزہ اور گردو نواح کی صورتحال، اس حوالے سے عرب کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے فوجی جارحیت بند کرانے کے لیے عربوں میں یکجہتی کہ طریقے  بھی زیر بحث آئے۔
اجلاس کے شرکا نے سلامتی کونسل کے مباحثے کے مقررہ ایجنڈے  کا بھی جائزہ لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو غزہ بحران پر اجلاس کے موقع پر تمام  عام شہریوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب وزرائے خارجہ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتوں میں مشرق وسطی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس میں خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے سلامتی کونسل کے مباحثے کے مقررہ ایجنڈے  کا بھی جائزہ لیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ نے کہا ’ہم سب یہاں ایک متفقہ پیغام کے ساتھ موجود ہیں کہ مزید تشدد اس کا جواب نہیں ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا’ تمام شہریوں کی زندگی تحفظ کی مستحق ہے اور اس میں غزہ میں فلسطینی شہری شامل ہیں اور اسی لیے ہم سب یہاں کھڑے ہیں۔ فوری جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے اور امن عمل کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی عوام کی شکایات کو حل کرنے کےلیے حقیقی اور سنجیدہ موقف کی طرف واپسی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا ’جب تک بین الاقوامی برادری فلسطینی صورتحال کے حل کےلیے اپنے موجودہ وعدوں پر قائم نہیں رہے گی ہم کبھی منصفانہ امن نہیں دیکھ سکیں گے‘۔
اس کے بغیر ہم خطے میں حقیقی سلامتی حاصل نہیں کرسکتے۔ ہم سب اس پر ایک پیغام ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری ان نظریات کی سپورٹ کرنے کےلیے متحد ہوگی۔
سعودی وزیر خارجہ سے جب پوچھا گیا کہ وہ حماس کی مذمت  کرتے ہیں تو انہوں نے کہا ’ہم تمام عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ برازیل کے وزیر خارجہ کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جو ماہ رواں میں سلامتی کونسل کے صدر ہیں۔

شیئر: