Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’باربی ڈول‘ اور ’کمپیوٹر‘ جیسے الفاظ کے بغیر سویڈش ڈکشنری 140 سال بعد مکمل

لغت کے ایڈیٹر کے مطابق اسے 1883 میں شروع کیا گیا تھا (فوٹو: ایس وی ڈی)
سویڈش زبان کی ڈکشنری 140 سال بعد مکمل کی گئی ہے اور لغت کا آخری والیم پرنٹر کو بھیجا گیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سویڈش اکیڈمی ڈکشنری، سویڈش اکیڈمی کی طرف سے تیار کی گئی ہے جو ادب کا نوبل انعام دیتی ہے۔ یہ ڈکشنری 39 جلدوں میں ہے اور 33 ہزار 111 صفحات پر مشتمل ہے۔
لغت کے ایڈیٹر کرسچن میٹسن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اسے 1883 میں شروع کیا گیا تھا اور اب ہم اس کو مکمل کر چکے ہیں۔ گذشتہ سالوں میں 137 کل وقتی ملازمین نے اس پر کام کیا ہے۔‘
اہم سنگ میل تک پہنچنے کے باوجود کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے کیونکہ اے سے آر کی جلدیں اب اتنی پرانی ہو چکی ہیں کہ جدید الفاظ کو شامل کرنے کے لیے ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
میٹسسن نے کہا کہ ’ایسا ہی ایک لفظ ’الرجی‘ ہے جو سویڈش زبان میں 1920 کے آس پاس آیا لیکن اے والیم میں نہیں ہے کیونکہ یہ 1893 میں شائع ہوا تھا۔‘
’باربی ڈول‘، ’ایپ‘ اور ’کمپیوٹر‘ ان 10 ہزار الفاظ میں شامل ہیں جو اگلے سات سالوں میں ڈکشنری میں شامل کیے جائیں گے۔
یہ ڈکشنری 1521 سے جدید دور تک سویڈش زبان کا ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔ یہ آن لائن دستیاب ہے اور اس کی صرف 200 کے قریب کاپیاں شائع ہوئی ہیں، جن کا استعمال بنیادی طور پر محققین اور ماہرین لسانیات کرتے ہیں۔
سویڈش اکیڈمی کی بنیاد 1786 میں کنگ گستاو سوئم نے ملک کی زبان اور ادب کو فروغ دینے اور سویڈش زبان کی ’پاکیزگی، طاقت اور عظمت‘ کے لیے کام کرنے کے لیے رکھی تھی۔

شیئر: