Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جہاز کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، سنگاپور میں آسٹریلوی شہری گرفتار

فلائٹ کو سنگاپور کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے لینڈ کرایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
سنگاپور میں پولیس نے ایک آسٹریلوی باشندے کو حراست میں لیا ہے جس نے طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی تھی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بجٹ ایئرلائن سکوٹ کے جہاز کو اُس وقت جنگی طیارے اُڑا کر چانگی ایئرپورٹ پر اُتارا گیا جب اس میں موجود ایک مسافر نے جہاز کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی۔
حراست میں لیے گئے 30 سالہ آسٹریلوی باشندے پر مجرمانہ طور پر دھمکانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
ایئرلائن سکوٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہاز آسٹریلوی شہر پرتھ جا رہا تھا جب دھمکی ملنے پر اُس کو سنگاپور واپس لایا گیا۔
طیارے کو واپس اُتارنے کے لیے سنگاپور ایئرفورس کو الرٹ کیا گیا اور ایمرجنسی سروسز بھی ایئرپورٹ پہنچائی گئیں۔
ای میل کے ذریعے بھیجے گئے بیان میں سکوٹ ایئرلائنز نے کہا کہ بم کی دھمکی کے بعد ’احتیاطی تدبیر‘ کے طور پر طیارے کو واپس لانے کے احکامات اُس وقت دیے گئے جب وہ ایک گھنٹے کی پرواز کر چکا تھا۔
ایئرلائن نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
سنگاپور کے وزیر دفاع نگ انگ ہن نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ سکوٹ ایئرلائن کے جہاز کو چانگی ایئرپورٹ پر واپس اتارنے کے لیے دو ایف 15 جنگی طیارے فضا میں بھیجے گئے۔
فلائٹ کو سنگاپور کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے لینڈ کرایا گیا۔
اس موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے اور تمام مسافروں کو حفاظت میں ٹرمینل تک لایا گیا۔
سکوٹ ایئر سنگاپور ایئرلائنز گروپ کی سستی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔

شیئر: