Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں کئی علاقے آئندہ منگل تک بارش کی زد میں، طائف، الھدا روڈ بند

ساحلی شہروں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوگی ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں روڈ سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’بارش کے باعث طائف، الھدا روڈ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے‘۔
عاجل ویب کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس نے بیان میں کہا کہ’ الھدا روڈ دونوں اطراف سے بند کرنے کا فیصلہ راہگیروں کی سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے‘۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’جمعے سے منگل تک مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے‘۔
’بحیرہ احمر کے ساحلی شہروں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوگی اور سیلاب کا بھی خطرہ ہے‘۔
قومی مرکز نے کہا کہ’ بارش کے دوران 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی‘۔
قبل ازیں قومی مرکز نے بتایا تھا کہ نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں مختلف مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ  باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارش کا سلسلہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تک پھیلے گا۔ قصیم اور حائل ریجن کے بعض علاقے بھی بارش کی زد میں ہوں گے۔
 بارش کے اثرات مشرقی ریجن کے شمالی علاقوں تک پھیلیں گے جبکہ ریاض ریجن کے شمالی اور مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
قومی مرکز نے مقامی شہریوں اور غیرملکیوں سے کہا ہے کہ’ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں اور وادیوں سے دور رہیں‘۔

شیئر: