اسلام آباد.. مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے دھمکی دی ہے کہ منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لئے زمین تنگ کردی جائے گی۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ حساب لینے والے کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوںنے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کے سن لیںہم نے چھوڑنا نہیں ہے۔آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاو گے، ہم تمھارے بچوں کے لئے، تمھارے خاندان کے لئے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باضمیر، باکردار وزیراعظم کا زندہرہنا محال کر رہے ہو، پاکستانی قوم تمہیں تنگ کردے گی۔بعد ازاں نہال ہاشمی نے وضاحتی بیان میں کہا کہ میری تقریر غیر جمہوری افراد کے خلاف تھی۔ مسلم لیگ (ن) کا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے۔ اگر مجھے جے آئی ٹی کے بارے میں بولنا ہوتا تو نام لیتا۔ احتساب کے نام پر انتقام نہیں ہونا چاہیے ۔ جب پاکستان ترقی کرتا ہے ایسا مائنڈ سیٹ آجاتا ہے جو پاکستان کو پیچھے لیجانا چاہتا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ اور اداروں کے احترام پر مکمل یقین رکھتی ہے۔نہال ہاشمی کے بیان کا شریف خاندان سے کوئی تعلق نہیں ۔ نہال ہاشمی سے وضاحت طلب کی ہے۔