Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم میں جدید الیکٹرک سی گلائیڈر کی سہولت کا معاہدہ

کشتی کی سہولت کے ساتھ ہوائی جہاز کی رفتار کو جوڑنے کا جدید منصوبہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
نیوم نے علاقے میں ٹرانسپورٹ سہولت کو بہتر بنانے کے لیے امریکہ کی الیکٹرک سی گلائیڈر بنانے والی کمپنی ریجنٹ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سی گلائیڈرز سے کشتی کی سہولت کے ساتھ ہوائی جہاز کی رفتار کو جوڑنے کا پائیدار اور جدید نقل و حمل کا منصوبہ ہے۔
نیوم اور امریکی کمپنی ریجنٹ کے درمیان یہ معاہدہ  پائیدار، مشترکہ اور بلا رکاوٹ مربوط نقل و حرکت کے نظام کے لیے گیگا پروجیکٹ کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت ہے۔
نیوم انوسٹمنٹ فنڈ  نے اپنے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ معاہدہ امریکی کمپنی ریجنٹ کے ساتھ دیرینہ اور اہم شراکت داری کا حصہ ہے۔
اس منصوبے کا مقصد آبی ٹرانسپورٹیشن میں نیوم کی صلاحیتوں کو مضبوط بناتے ہوئے خطے میں مسافروں کو جدید ترین آبی نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنا ہے۔
ریجنٹ کمپنی نے اس معاہدے کے تناظر میں مشرق وسطیٰ  کے لیے تحقیق، ترقی اور تربیتی مرکز قائم کرنے کا عہد کیا ہے۔
نوجوان سعودی انجینئرز اور دیگر تکنیکی ماہرین جو نیوم کے ملازم ہیں 2024 میں اس جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مختلف قسم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
نیوم انوسٹمنٹ فنڈ کے سی ای او ماجد مفتی نے ایک بیان میں کہاہے کہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے مطابق نیوم کے اہداف کو لے کر  آگے بڑھے گا۔
جدید الیکٹرک سی گلائیڈرز صفر کاربن آپریشنز کے ساتھ نیوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس جدید سی گلائیڈر میں 12 مسافروں کی گنجائش ہے۔  سکرین شاٹ یو ٹیوب

نیوم میں نقل و حمل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیری وونگ نے کہا ہے کہ نیوم میں سی گلائیڈر کی سہولت کا مقصد یہاں صحیح معنوں میں پائیدار، مشترکہ، محفوظ اور ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم لانا ہے۔
ٹیری وونگ نے بتایا کہ یہ جدید سی گلائیڈرز نیوم کی 468 کلومیٹر ساحلی پٹی کے ساتھ قائم اہم مقامات کو آپس میں جوڑیں گے۔
سی گلائیڈرز  مملکت کے اندر زیرو کاربن ٹیکنالوجیز کے ساتھ نئی صنعتوں اور مہارت کے فروغ پر ہمارے یقین کی عکاسی کریں گے۔

یہ منصوبہ نیوم کے اہداف کو وژن 2030 کے مطابق لے کر آگے بڑھے گا۔ فوٹو انسٹاگرام

امریکی کمپنی ریجنٹ کے شریک بانی اور سی ای او بلی تھیلائمر نے کہا ہے کہ کاربن سے محفوظ علاقے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے منفرد ڈیزائن کے جدید سی گلائیڈرز کا استعمال ہمارے مشن کے ساتھ پائیداری اور مضبوطی سے ہم آہنگ ہے۔
ریجنٹ کمپنی کے تیار کردہ اس جدید سی گلائیڈر میں 12 مسافروں کی گنجائش ہے۔
 

شیئر: