برلن .... جرمنی کی ممتاز آٹو موبائل کمپنی نے اب ایسی شاندار قسم کی اسکوٹرز تیار کر کے پیش کر دی ہے جو گوناگوں خصوصیات کی حامل ہیں ۔بظاہر بہت چھوٹی اور سیدھی سادھی نظر آنیوالی یہ اسکوٹر بیٹری سے چلتی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں ریورس گیئر بھی لگا ہوا ہے جبکہ پچھلی نشست کو اضافی سواری کےلئے آگے پےچھے کرنا بھی ممکن ہے مگر خصوصیات سے الگ دیکھا جائے تو اس میں اس بات کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے کہ آپ اس پر سوار ہو کر کہیں جانے سے قبل اس جگہ کی نشاندہی کر دیں جس کے بعد اس کی ونڈ اسکرین پر پورا راستہ نظر آنے لگے گا اور آپ با آسانی اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے ۔ اسے چلانے کےلئے استعمال ہونیوالی بیٹریاں اسکوٹر کے نچلے حصے میں رکھی جاتی ہیں اور ریورس گیئر ہونے کی وجہ سے انہیں پارک کرنا بھی آسان ہو گیا ہے ۔ اس اسکوٹر میں اےک ٹچ اسکرین ڈیش بورڈ بھی لگا ہوا ہے جس سے اس پر سواری کرنےوالے مختلف کام لے سکتے ہیں ۔ بی ایم ڈبلیو نے اپنی اس اسکوٹر کو روشناس کراتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اسمارٹ اسکوٹر کی آمد سے ایسی گاڑیوں کو ایک نئی جہت مل جائے گی جو مقبول بھی ہو گی ۔بی ایم ڈبلیو کے ڈیزائننگ شعبے کے سربراہ ایلگزینڈر بوکان کا کہنا ہے کہ اس اسکوٹر کی ڈیزائننگ انتہائی نپے تلے انداز میں کی گئی ہے اور اس کا بنیادی نقطہ یہ ہے کہ اسے چلانے میں آسانی ہو اور اس کی رفتار محفوظ حد تک کم و بیش کی جا سکے ۔ نچلے حصے میں بیٹری کے ساتھ ساتھ ایک اچھی خاصی جگہ چھوٹے موٹے سامان رکھنے کےلئے بھی ہے۔