Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بمباری میں شدّت، مزید سینکڑوں غیر ملکی شہری غزہ چھوڑ گئے

مصری حکام نے کہا ہے کہ وہ سات ہزار غیر ملکیوں کو نکالنے کے لیے پُرامید ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
جمعرات کو مزید سینکڑوں غیر ملکی اور دہری شہریت کے حامل افراد جنگ زدہ غزہ سے مصر کے لیے روانہ ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رفح بارڈر کراسنگ کی فلسطینی سائیڈ کے ترجمان وائل ابو محسن نے بتایا کہ تقریباً 100 غیر ملکی شہری نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو سفر کرنے کے لیے منظور شدہ افراد کی فہرست میں سینکڑوں امریکی شہری اور یورپی، عرب، ایشیائی اور افریقی ممالک کی کم تعداد کے ساتھ بیلجیئم کے 50 شہری بھی شامل ہیں۔
رفح میں اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے کراسنگ پوائنٹ پر کاروں اور ٹرکوں  کی جانچ پڑتال ہوتے دیکھی۔
مصری حکام نے کہا ہے کہ وہ 60 سے زیادہ ممالک کے سات ہزار غیر ملکیوں کو گنجان آباد علاقے سے نکالنے میں مدد کرنے کے لیے پُرامید ہیں کیونکہ بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور شمالی غزہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بار پھر شدید زمینی لڑائی ہوئی۔
جمعرات کو اسرائیلی فوج نے کہا کہ ’اس نے دشمن کے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔‘
فوجی ترجمان ڈینیئل ہگاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے جنگجو غزہ سٹی کے علاقے میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ دوبدو لڑ رہے ہیں۔‘

فلسطینی حکام کے مطابق ’غزہ سے تقریباً 100 غیر ملکی شہری نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’رات کو فورسز نے بہت سے عسکریت پسندوں سے مقابلہ کیا جنہوں نے گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی لڑائی جس میں زمینی و فضائی حملے شامل تھے، کے اختتام پر بہت سے دہشت گرد مارے گئے۔‘
اس سے قبل فلپائن کے محکمہ خارجہ نے بتایا تھا کہ غزہ میں موجود دو فلپائنی ڈاکٹروں کو مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کے راستے نکال لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بین الاقوامی امدادی گروپ برائے میڈیسن سانز فرنٹیئرز (ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز) کے ڈاکٹر ڈارون ڈیلا کروز اور ریگڈور ایسگویرا غزہ میں ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
بدھ کو ان دونوں ڈاکٹروں سمیت تقریباً 500 ایسے غیرملکیوں کو مصر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی جن کے پاس پاسپورٹ موجود تھے۔
رفح کی راہداری کھولنے کے حوالے سے بدھ کو ہی معاہدہ طے پایا تھا جس میں حماس، مصر اور اسرائیل شامل تھے۔
غزہ کے بارڈر حکام نے کہا تھا کہ راہداری جمعرات کو بھی کھلی رہے گی تاکہ مزید غیرملکی بھی نکل سکیں۔

شیئر: