النصر کے حامیوں کے لیے دوحہ سٹیڈیم میں 3000 میچ ٹکٹ مختص
چیمپئنز لیگ میں النصر کلب 9 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ای میں برتری پر ہے۔ فوٹو انسٹاگرام
دوحہ کے عبداللہ بن خلیفہ سٹیڈیم میں منگل کو ہونے والے ریاض کلب کے اے ایف سی چیمپئنز لیگ کے مقابلے میں الدحیل کلب نے النصر کے حامیوں کے لیے 3000 میچ ٹکٹ مختص کئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ٹکٹوں کی یہ تعداد سٹیڈیم میں کل گنجائش کا ایک اہم تناسب ہے اس سٹیڈیم میں 9000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
چیمپئنز لیگ کے آخری میچ میں ریاض میں النصر کلب نے دوحہ کی الدحیل کو 4-3 سے شکست دی اور تین میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ای میں برتری حاصل کر لی ہے۔
چیمپئنز لیگ میں شامل ایران کی پرسیپولیس کلب چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ قطر کی الدحیل ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور تاجکستان کی ایف سی استقلال کلب سے گول کے فرق سے آگے ہے۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن چیمپئنز لیگ میں ریاض کا النصر کلب دوحہ روانگی سے قبل سعودی پرو لیگ میں الخلیج کلب سے مقابلہ کرے گا۔