الاحسا میں گلاب کا سب سے بڑا فارم، خاص کیا ہے؟
سعودی شہری نے بتایا’ گلاب کا پودا سال بھر پیداوار دیتا ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی شہری ابو جواد عبدالعظیم المطلق 22 برس کی مسلسل کوششوں کے بعد الاحسا میں گلاب کا سب سے بڑا فارم قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
اخبار 24 کے مطابق الاحسا میں گلاب کا فارم 18 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ اس میں چھ ہزار سے زیادہ گلاب کے پودے ہیں۔ اسے الاحسا میں گلاب کے سب سے بڑے فارم ہونے کا اعزاز ملا ہے۔
ابو جواد کا کہنا ہے ’الاحسا کی زمین زرخیز ہے۔ یہاں بہت سی زرعی اجناس پیدا ہو رہی ہیں۔ الاحسا کی زرعی پیداوار مملکت بھر میں اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔‘
سعودی شہری نے بتایا ’گلاب کا پودا سال بھر پیدا دیتا ہے۔ آج کل گلاب کی پیداوار بڑھی ہوئی ہے۔ موسم سرما کے آخر تک اس میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔‘
ابو جواد کا کہنا تھا ’الاحسا کے گلاب سے کئی کام لیے جا رہے ہیں۔ خواتین اسے آرائش کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ یہ مٹھائیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔ چائے میں بھی اس کا استعمال ہوتا ہے۔ اس سے عرق گلاب اور گلاب کی خوشبو تیار کی جاتی ہے۔‘