افغانستان کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر، جنوبی افریقہ 5 وکٹوں سے کامیاب
جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اس ورلڈ کپ میں افغانستان کا سفر ختم ہو گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 42ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ نے افغانستان کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 47.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رَسی فین ڈر ڈسن نے ناقابل شکست 76 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک نے 41 اور اینڈل فلیوک وایو نے 39 رنز سکور کیے۔
افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے راشد خان اور محمد نبی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اس ورلڈ کپ میں افغانستان کا سفر ختم ہو گیا ہے۔
اس سے قبل جمعے کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی 97 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ رحمت شاہ اور نور احمد نے 26،26 رنز سکور کیے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے جیرالڈ کوئٹزیا نے چار جبکہ لُنگی نگیڑی اور کیشوو مہاراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں یہ دونوں ٹیموں کا گروپ مرحلے میں آخری میچ تھا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکی ہے۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل اب تک ون ڈے فارمیٹ میں صرف ایک مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں جس میں جنوبی افریقہ نے جیت حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ٹیمبا باوُوما (کپتان)، رَسی فین ڈر ڈسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ مِلر، ایںڈل فلیوک وایو، جیرالڈ کوئٹزیا، کیشوؤ مہاراج، کاگیسو راباڈا اور لُنکی نگیڑی شامل تھے۔
افغانستان کی پلیئنگ الیون
افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حمشت اللہ شہیدی (کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خِیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد اور نوین الحق شامل تھے۔