افغانستان نے طورخم سرحد بند کر دی، تجارتی سرگرمیاں معطل
ستمبر میں بھی دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کے مابین فائرنگ کے بعد یہ گزرگاہ ایک ہفتے سے زائد وقت بند رہی۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کی جانب سے افغان ڈرائیوروں کے لیے ویزا لازمی قرار دینے کے بعد افغانستان نے طورخم سرحد بند کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب سے سرحد بند ہونے کے بعد تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔
پاکستان نے کہا تھا کہ افغان ڈرائیوروں کو پاکستان میں داخلے کے لیے ویزوں کی ضرورت ہو گی۔ اس وقت سرحد پر ٹرکوں کا داخلہ بند ہے تاہم عام شہری ویزا لے کر آ جا سکتے ہیں۔
افغان ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویزوں کے لیے درخواستیں دی تھیں لیکن تاحال ان کو ویزے نہیں ملے۔
افغان ڈرائیور راحت اللہ کا کہنا ہے کہ ’جب پاکستان کی جانب سے ویزے کے لیے کہا گیا تو ہم نے ویزے کے لیے اپلائی کیا لیکن وہ مسترد ہوا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ جب ویزا نہیں دیا جائے گا تو کاروبار کیسے کریں گے۔
ٹرک ڈرائیور رحمان اللہ اتمانزئی نے بتایا کہ ’1500 سے دو ہزار افغانی ویزے کے لیے دیے لیکن اس کے باجود ویزا نہیں ملا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بغیر ویزے کے چھپ چھپ کر گھومتے ہیں۔
’نماز بھی چھپ کر ادا کرتے ہیں، کھانا بھی چھپ کر منگواتے ہیں۔ اگر کھانا منگوانا ہو تو پاکستانی شہری کو الگ سے پیسے دینے پڑتے ہیں۔ ہمیں ویزا مل جائے تو پاکستان میں یوں چھپ اور ڈر کر نہ گھومیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ویزا سفارت خانے کے بجائے سرحد پر دینے کی سہولت دی جائے۔
ستمبر میں بھی دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کے مابین فائرنگ کے بعد یہ سرحدی گزرگاہ ایک ہفتے سے زائد وقت بند رہی تھی۔