Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاون خصوصی کا تکامل ہیڈ آفس کا دورہ، پاکستان میں تربیتی مراکز کے قیام پر زور

 جواد سہراب ملک نے ریاض میں تکامول کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا (فوٹو:وزارت اوورسیز پاکستانیز)
پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے سعودی عرب میں ملازمت کے مواقع تلاش کرنے والے پاکستانیوں کے لیے آسان طریقہ کار اور پاکستان میں تربیتی مراکز کے قیام پر زور دیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے ریاض میں انسانی وسائل کی ترقی کے ادارے تکامل کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور سی ای او احمد الیمانی سے ملاقات کی۔
انہوں نے پاکستانی ورکرز کی مہارت کو سعودی مارکیٹ لیبر سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پاکستان میں تربیتی مراکز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا-
معاون خصوصی نے کارکنوں کی ہجرت کو ہموار کرنے کے لیے پاکستان میں ’ون ونڈو سلوشنز‘ کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے والے پاکستانی تارکین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں تکامل کا دائرہ کار وسیع کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔
اس موقع  پر سی ای او تکامل نے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کو سکلز ویری فکیشن پروگرام (ایس وی پی) اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سمیت تکامول کی جانب سے نافذ کیے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

معاون خصوصی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم کی نشاندہی کرتا ہے (فوٹو: وزارت اوورسیز پاکستانیز)

انہوں نے بتایا کہ ’ایس وی پی کا آغاز سعودی عرب میں ہنر مند کارکنوں کے معیار کو یقینی بنانے، ان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر پاکستان میں شروع کیے گئے اس پروگرام کو اب انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک تک پھیلا دیا گیا ہے۔‘
معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے تکامل کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں ایس وی پی کے نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔
توقع ہے کہ اس سے پاکستان میں انسانی وسائل کی تربیت کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع کی راہ ہموار ہو گی۔
اس تعاون کا مقصد پاکستان سے آنے والے تارکین وطن کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کے لیے ضروری مہارتوں اور تربیت سے آراستہ کرکے فائدہ پہنچانا ہے۔ تکامل کی ٹیم دسمبر میں پاکستان کا دورہ بھی کرے گی۔

شیئر: