امارات میں قومی دن پر سرکاری اور نجی ملازمین کی تعطیلات میں اضافہ
امارات میں ملازمین دو سے چار دسمبر تک چھٹی کریں گے۔ ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں 52 ویں قومی دن پر سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر میں تین دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ملازمین دو سے چار دسمبر تک چھٹی کریں گے۔
اس سے قبل امارات کی وزارت افرادی قوت واماراتائیزیشن نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر 52 ویں قومی دن کے حوالے سے 2 اور 3 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق سرکاری ملازمین کے حوالے سے تعطیل کا فیصلہ جمعے کو اماراتی کابینہ نے کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی۔
اجلاس کے مطابق سنیچر دو دسمبر سے پیر چار دسمبر تک قومی تعطیل ہوگی۔ منگل 5 دسمبر سے ڈیوٹی شروع ہوگی۔
اماراتی کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ جمعہ یکم دسمبر کو سرکاری ملازمین آن لائن کام کریں گے۔ اس سے وہ ملازمتیں مستثنی ہوں گی جن کے لیے آفس ڈیوٹی ضروری ہے۔
علاوہ ازیں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے کہا ہے کہ’ 52 ویں قومی دن کے موقع پر پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین تین دن کی چھٹی کریں گے۔ دو سے چار دسمبر تک چھٹی پر ہوں گے‘۔
واضح رہے 2 دسمبر 1971 کو متحدہ عرب امارات قائم ہوئی تھی جس میں تمام ریاستیں جن میں ابوظبی، دبئی ، شارجہ ، عجمان ، ام القوین ، راس الخیمہ اور فجیرہ متحد ہوئی تھیں جس کے بعد ان ریاستوں کو متحدہ عرب امارات کا نام دیا گیا۔