موسم سرما کی تعطیلات میں سعودی شہری کہاں جائیں گے ؟
بیشتر سعودی دبئی اور مصر جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب میں سیاحتی ایجنسیوں کے ذمہ داران نے کہا ہے کہ سعودی شہری پہلے تعلیمی سیشن کی تعطیلات گزارنے کے لیے بیرون مملکت بڑی تعداد میں جائیں گے۔ زیادہ تر مصر و دبئی کا رخ کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پہلے تعلیمی سیشن کی 9 روزہ تعطیلات جمعہ 17 نومبر کو شروع ہوں گی اور سنیچر 25 نومبر 2023 کو ختم ہوں گی۔
سیاحتی ایجنسی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت جانے والوں نے بڑے پیمانے پر بکنگ شروع کردی ہے۔
اندرون مملکت تعطیلات گزارنے والے مکہ مکرمہ کا رخ کریں گے۔ اس حوالے سے ہوائی جہازوں سے بکنگ کا سلسلہ چل رہا ہے۔
سیاحتی ایجنسیوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پہلے تعلیمی سیشن کی تعطیلات کے دوران پانچ لاکھ سے زیادہ سعودی باہر جائیں گے۔
المسافر کلب کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرزاق الزھرانی نے بتایا کہ زیادہ تر سعودی قاہرہ اور دبئی کے لیے بکنگ کرا رہے ہیں۔ اس کے متعدد اسباب ہیں۔ سستے ٹکٹ پیکیج اور روزانہ کی بنیاد پر پروازوں کی بھرمار کے باعث قاہرہ اور دبئی کے لیے بکنگ بڑھی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں شرم الشیخ اور بحرین کے لیے بھی بکنگ کرائی جارہی ہے۔ ان دنوں مراکش کے لیے بکنگ کا تناسب کم ہے۔