پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی
کا کہنا ہے کہ امارات كی انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ كلچر لاہور میں سرمایہ كاری دراصل ثقافتی، تخلیقی اور علمی صنعتوں میں ورثے اور ثقافت میں پائیدار سرمایہ کاری ہے۔
سنیچر کو یہ بات متحدہ عرب امارات کے سفیر نے لاہور میں پہلی پاکستانی خلاباز نمیرہ سلیم کو انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر (آئی اے سی) کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کیے جانے کی تقریب کے موقع پر کہی۔
انہوں نے کہا كہ امارات کا پاکستان میں فنون لطیفہ میں تعاون و سرمایہ کاری فنون لطیفہ اور ثقافتی شعبے کی اقتصادی شراکت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
آٸی اے سی کی جانب سے منعقد تقریب میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور نگراں گونر پنجاب بلیغ الرحمان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان یو اے ای دوستانہ تعلقات اور اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستانی معیشت کے استحکام میں کی جانے والی قابل قدر کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔