ابوظہبی میں 22 تا 26 نومبر 15ویں ابوظہبی آرٹ فیئر کا انعقاد
ابوظہبی میں 22 تا 26 نومبر 15ویں ابوظہبی آرٹ فیئر کا انعقاد
پیر 20 نومبر 2023 19:38
بین الاقوامی آرٹ فئیر میں 31 ممالک کی 92 آرٹ گیلریاں حصہ لیں گی۔ فوٹو انسٹاگرام
ابوظہبی کے منارۃ السعدیات بین الاقوامی نمائش مرکز میں 22 تا 26 نومبر ابوظہبی آرٹ کے 15ویں ایڈیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ ثقافت و سیاحت کے زیر اہتمام ہونے والے سالانہ آرٹ میلے میں 31 ممالک کی 92 آرٹ گیلریاں حصہ لیں گی۔
کثیر الثقافتی میلے میں مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، افریقہ کی آرٹ گیلریوں اور فنکاروں کو حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔
ایگزیبیشن سنٹر کی ڈائریکٹر دیالا نسیبہ کا کہنا ہے کہ ابوظہبی بین الاقوامی ثقافتی مرکز ہے اور یہاں ہم خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کی آرٹ گیلریوں کو متوجہ کرنے اور وہاں کی آرٹ کی تاریخ کو اہمیت دینے پر غور کر رہے ہیں۔
ہم لاطینی امریکہ کے 'فوکس' سیکٹر پر منیلی کیکاووسی کے ساتھ اور کرس وان فینگ کے ساتھ ہانگ کانگ کی جدید اور عصری آرٹ کی تاریخ پر خصوصی روشنی ڈالنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں ہانگ کانگ سے جدید اور عصری آرٹ کا بہترین انتخاب پہلی بار پیش کیا جائے گا جو اس کے منفرد اور بھرپور تاریخی تناظر اور خطے میں رونما ہونے والے دلچسپ آرٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ ابوظہبی آرٹ فیئر میں شرکت کرنے والوں کے مابین ہونے والی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال دونوں خطوں کے درمیان آرٹ کے شعبے پر مکالمے کو مزید فروغ دیتے ہوئے مضبوط کرے گا۔
دیالا نسیبہ نے مزید بتایا کہ آرٹ میلے میں حصہ لینے والی 92 آرٹ گیلریوں میں جارجیا، میکسیکو، برازیل، سنگاپور اور چلی کی آرٹ گیلریاں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں۔