سعودی خاتون ڈاکٹر نے شادی کے 20 سال بعد خلع کیوں لی؟
جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کے والد کی دستکاری کے پیشے کا مذاق اڑایا تھا (فوٹو: سبق)
سعودی خاتون ڈاکٹر نے اپنے والد کے پیشے کا مذاق اڑانے پر شادی کے 20 برس بعد شوہر سے خلع لے لی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خاندانی امور کی مشیر عبیر السعد نے بتایا کہ ’کسی بات پر جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کے والد کی دستکاری کے پیشے کا مذاق اڑایا۔ بیوی اس طعنے کو برداشت نہ کر سکی۔‘
خاتون ڈاکٹر نے خلع کے لیے مہر کی رقم بھی واپس کر دی حالانکہ 20 برس گزارنے کے بعد مہر کی رقم واپس کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔
خاندانی امور کے مشیر نے مزید بتایا کہ ’شوہر اور بیوی کے درمیان صلح کی ہر ممکن کوشش کی گئی جسے خاتون ڈاکٹر نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ انہیں اپنے والد کے پیشے پر فخر تھا اور ہے۔‘
’والد کے پیشے کا مذاق ناقابل برداشت ہے۔ اب ایسے شخص کے ساتھ جو میرے والد کے قابل عزت پیشے کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہو، رہنا ممکن نہیں۔‘
خاندانی مشیر نے کہا کہ ’رشتہ زوجیت احترام باہمی پر مبنی ہوتا ہے۔ اگر ایک دوسرے کا احترام ختم ہو جائے تو محبت، رحمدلی اور رشتہ زوجیت کے تار بکھر جاتے ہیں۔‘
’احترام کا تقاضا ہے کہ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کی ہی نہیں بلکہ رشتہ داروں کی بھی عزت کریں اور کسی کو طعنہ نہ دیں۔‘