Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر شکیب الحسن کی سیاست میں انٹری، عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ

شکیب الحسن نے ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے میچز میں کپتانی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن حکمراں جماعت عوامی لیگ کی جانب سے اپنی نامزدگی کی تصدیق کے بعد ملک کے 12ویں پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن سات جنوری کو ہونے والے انتخابات میں اپنے آبائی ضلع ماگورا-1 حلقہ سے انتخاب لڑیں گے۔
شکیب فی الحال ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران ہونے والی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ کھیل کے میدان میں کب واپس آئیں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 28 نومبر سے 10 دسمبر تک دو ہوم ٹیسٹ کے بعد بنگلہ دیش ٹیم 11 سے 31 دسمبر تک نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی جہاں چھ وائٹ بال میچز کھیلے جائیں گے۔ 
شکیب الحسن نے ورلڈ کپ سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے بعد ون ڈے میچز میں کپتانی نہیں کریں گے لیکن وہ ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں کپتانی کرتے رہیں گے۔ وہ اپنی پہلی سیاسی مہم کے اختتام پر نیوزی لینڈ کا سفر کریں گے یا نہیں، اس کا ابھی نہیں بتایا گیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں کرکٹ اور سیاست کے درمیان تعلق گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
شکیب سے قبل بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ گذشتہ انتخابات کے دوران رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔ شکیب اور مشرفی کے علاوہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سنہ 2009 سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔

شکیب الحسن ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر شفیع العالم چوہدری بھی آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نامزد ہو چکے ہیں۔ بنگلہ دیش کے سابق کپتان نعیم الرحمن، جو موجودہ رکن پارلیمان تھے، آئندہ انتخابات کے لیے انہیں مانک گنج کی نشست کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی کرکٹرز میں کھلاڑیوں کا سیاست میں آنا بہت کم دیکھا گیا ہے۔ شکیب اور مشرفی سے پہلے سری لنکا کے سنتھ جے سوریا بھی سنہ 2010 کے عام انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔

شیئر: