Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی کرکٹرز تمیم اقبال اور شکیب الحسن کا آپس میں کیا جھگڑا ہے؟

تمیم اقبال نے رواں برس جولائی میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد اس معاملے میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے مداخلت کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن اور اوپننگ بیٹر تمیم اقبال میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ  ’کرک اِنفو‘ کے مطابق شکیب الحسن نے ورلڈ کپ سے قبل تمیم اقبال پر خوب لفظی گولہ باری کی اور ان کے رویے کو ’بچگانہ‘ قرار دیا۔
تمیم اقبال گذشتہ کچھ عرصے سے کمر کی تکلیف کے باعث قومی ٹیم سے باہر ہیں اور کمر کی تکلیف کی وجہ سے ہی انہیں ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
اسی سلسلے میں تمیم اقبال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر لکھا کہ وہ انڈیا ورلڈ کپ کے لیے اس وجہ سے نہیں جا رہے کیونکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اُن کے ٹیم میں آنے پر رکاوٹ بن رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار نے انہیں کہا ہے کہ انہیں مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنا پڑے گی۔
اوپننگ بیٹر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں 17 برسوں سے ایک ہی پوزیشن (اوپننگ) پر کھیل رہا ہوں۔ میں نے تیسرے یا چوتھے نمبر پر کبھی بیٹنگ نہیں کی۔ مجھے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔‘
اس بارے میں شکیب الحسن نے مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ ’مجھے اس بات کا یقین ہے کہ کسی عہدیدار نے انہیں (تمیم کو) ایسا کہا ہے۔ مجھے یقین ہے جس نے بھی کہا ہوگا وہ ٹیم کی بھلائی کا سوچ رہا ہوگا۔ میچ کے لیے ٹیم کمبینیشن بنانے کے لیے بہت سی چیزیں کرنا پڑتی ہیں۔ اگر کسی نے انہیں ایسا کہا بھی ہے تو اِس میں برا ماننے والی کون سی بات ہے؟ کیا ہم ایسا کچھ نہیں کہہ سکتے؟‘
شکیب الحسن مزید کہتے ہیں کہ ’روہت شرما کو دیکھیں انہوں نے ساتویں نمبر سے کیریئر کا آغاز کیا اور اوپنر بن گئے اور 10 ہزا سے زائد سکور بنا گئے۔ اگر انہیں (تمیم اقبال کو) تیسرے یا چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا پڑے تو اِس میں کیا برائی ہے؟ یہ بالکل بچگانہ رویہ ہے کہ یہ میرا بیٹ ہے، میں ہی اِس سے کھیلوں گا، اس سے کوئی اور نہیں کھیل سکتا۔ کسی بھی کھلاڑی کو کہیں بھی کھیلنا پڑ سکتا ہے۔‘
تمیم اقبال کے ساتھ مسائل اُس وقت ہونا شروع ہوئے جب جولائی میں افغانستان کے خلاف ہوم سیریز میں انہوں نے بتایا کہ وہ کمر کی تکلیف کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

شکیب الحسن نے اپنے بیان میں تمیم اقبال کے رویے کو ’بچگانہ‘ قرار دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کمر کی تکلیف کے باعث انہیں ایشیا کپ کے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم انہوں نے رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں ٹیم میں کم بیک کیا اور دو میچ کھیلے۔
تمیم اقبال اور شکیب الحسن کے درمیان معاملات تب خراب ہوئے جب شکیب نے بیان دیا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے کسی بھی ’ہاف فِٹ‘ کھلاڑی کو سکواڈ میں شامل نہیں کرنا چاہتے اور اگر کوئی کھلاڑی 100 فیصد فِٹ نہیں ہے تو وہ ٹیم کے ساتھ دھوکہ کر رہا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا سکواڈ۔ (فوٹو: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹوئٹر)

خیال رہے تمیم اقبال نے رواں برس جولائی میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد اس معاملے میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے مداخلت کی تھی۔
وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد تمیم اقبال نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے لی تھی جس کے بعد یہ گمان کیا جا رہا تھا کہ وہ ایشیا کپ میں آرام کے بعد ورلڈ کپ کے لیے اپنی خدمات فراہم کریں گے تاہم انہیں ورلڈ کپ کے سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
 

شیئر: