گرین سعودی اہداف حاصل کرنے میں نجی اداروں کی شمولیت
ایسٹرن ریجن میں 23000 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ فوٹو واس
مملکت میں گرین سعودی انیشیٹو کے اہداف کی تکمیل کے لیے وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے تعاون سے قومی شجرکاری پروگرام(این سی وی سی) کا آغاز کیا گیا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ پروگرام 13 علاقوں میں قومی مرکز برائے افزائشِ نباتات کے تحت شروع ہوا ہے۔
سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف حاصل کرنے کے لیے بہت سے رضاکار، سرکاری اور نجی ادارے اور غیرمنافع بخش تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
دارالحکومت ریاض میں متعدد سفارت کاروں، ماہرین ماحولیات، تنظیموں اور رضاکاروں نے اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے تعاون سے ثادق نیشنل پارک میں 1500درخت لگانے میں مدد کی ہے۔
کنگ سلمان انرجی پارک کی جانب سے مملکت کے ایسٹرن ریجن میں 23 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
الاحساء نیشنل پارک میں کنگ عبدالعزیز سنٹر برائے ورلڈ کلچر کے تعاون سے تقریباً 5 ہزار 844 پودے لگائے گئے ہیں۔
ظہران میں اثرا سنٹر کی جانب سے ’ریڈنگ میراتھن‘ کے تحت 100 صفحات پڑھے جانے پر ایک درخت لگایا جائے گا اور یوں مجموعی طور پر کل 5000 درخت لگائے جائیں گے۔ اس عمل میں تقریباً 75 رضاکار حصہ لیں گے۔
ریڈنگ میراتھن کا مقصد عام لوگوں کی مطالعے میں دلچسپی بڑھانا اور شجرکاری کے لیے سماجی شمولیت میں اضافہ کرنا ہے۔