اوورسیز پاکستانی ٹیکس ادا کیے بغیر 4 ماہ تک موبائل کیسے استعمال کرسکتے ہیں؟
جمعرات 30 نومبر 2023 17:13
حکومت نے اوورسیز پاکستانیوںکو چار ماہ تک موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
اوورسیز پاکستانی اور غیرملکی شہری پاکستان آمد کے بعد چار مہینے تک اپنا موبائل بغیر کسی ٹیکس یا ڈیوٹی کے رجسڑڈ کروا کے استعمال کر سکتے ہیں۔
جمعرات کو ایکس پر پاکستان ٹیلی کمیونکشین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’پاکستان آنے والے اورسیز پاکستانی اور غیر ملکی شہری ہر دفعہ اپنی پاکستان آمد کی تاریخ سے 120 دنوں کے لیے اپنا ذاتی فون بغیر کسی ٹیکس /ڈیوٹی کے رجسٹرڈ کر وا کے استعمال کرسکتے ہیں۔‘
پی ٹی اے کے مطابق اوورسیز پاکستانی https://dirbs.pta.gov.pk/drs پر وزٹ کرکے اپنا موبائل فون رجسٹرڈ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے رواں سال مارچ میں حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کو چار ماہ تک موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
اس وقت ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق موبائل فون کو بلاک کرنے سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے ایف بی آر اور پی ٹی اے نے ایف آئی اے اور موبائل فون آپریٹر کے اشتراک سے عارضی رجسٹریشن کا ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے۔
’یہ نیا نظام ان اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کے لیے بنایا گیا ہے جو اپنے موبائل ڈیوائسز پاکستان میں نہیں رکھنا چاہتے اور ان پر صرف ایک موبائل فون قابل اطلاق ہوگا۔‘