اسلام آباد...وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومت اور عدلیہ میں محاذ آرائی نہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چوہدری نثار نے حکومت اور عدلیہ میں محاذ آرائی کی خبروں کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کردیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی جج کے ریمارکس پر حکومت کی جانب سے دکھ اور افسوس کے اظہار کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ حکومت اور عدلیہ میں کسی قسم کی محاذ آرائی ہونے جارہی ہے یا تصادم کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔نکتہ نظر کے اختلاف کو تصادم قرار دینا اور ہر معاملے پر اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کرنا دراصل اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ ایسے عناصر ملک میں استحکام کے بجائے ٹکراو چاہتے ہیں۔بدقسمتی سے بعض عناصر نے اداروں اور حکومت کے درمیان غلط فہمیوں کو ہوا دینے کا ٹھیکہ اٹھا لیا ہے۔ آج عدلیہ اور جج صاحبان کے خود ساختہ محافظ بننے والے یہ بھول گئے کہ ان کے دور اقتدار میں کس طرح اداروں کی تضحیک کی گئی ۔