سعودی عرب انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا رکن منتخب
سعودی عرب کو 2025-2024 تک انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کا رکن منتخب کر لیا گیا۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق لندن میں آئی ایم او کے اجلاس میں ووٹنگ کے دوران 143 ممبر ملکوں نے سعودی عرب کے حق میں ووٹ دیا۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے کہا ہے کہ آئی ایم او کی رکنیت سمندری ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات اور سعودی وژن کے مطابق سمندری ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کا عملی اعتراف ہے۔
سعودی عرب کو بحری ٹرانسپورٹ سیکٹر میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سعودی عرب کا بحری بیڑا علاقے میں اول درجے کا ہے جبکہ سعودی عرب کی بندرگاہیں دنیا کی بہترین بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہیں۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے کہا کہ سعودی عرب 2030 تک سالانہ 40 ملین کنٹینرز اتارنے اور چڑھانے کی استعداد حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
سعودی عرب کروز کے ذریعے سمندری سیاحت کو بھی فروغ دے رہا ہے جبکہ بحیرہ احمر کے راستے سے 13 فیصد بین الاقوامی تجارت کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ میری ٹائم آرگنائزیشن اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ہے۔ اس کے ممبران کی تعداد 175 ہے۔
آئی ایم او جہاز رانی کے تحفظ اور سکیورٹی، بحری جہازوں کے ذریعے سمندری اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کی ذمہ دار ہے۔