پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات، بیرسٹر گوہر خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب
بیرسٹر گوہر مختلف مقدمات میں عمران خان کے وکیل رہ چکے ہیں۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی
بیرسٹر گوہر خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بلا مُقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو پشاور میں منعقد کیے گئے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے رانڑو گڑھی نزد موٹر وے ٹول پلازہ پولنگ سینٹر قائم کیا گیا تھا۔
عمر ایوب پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جبکہ علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا میں پارٹی کے صدر منتخب ہو گئے۔
پاکستان تحریک انصاف انٹراپارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کا ایک ہی پینل سامنے آیا۔
نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر خان پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین منتخب ہو گئے جبکہ عمرایوب مرکزی جنرل سیکریٹری کے عہدے پر منتخب ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب سے یاسمین راشد، سندھ سے حلیم عادل شیخ، بلوچستان سے منیر احمد بلوچ اور خیبر پختونخوا سے علی امین گنڈا پور صوبائی صدور منتخب ہوئے۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عوام بیدار ہیں، ظلم کو روکیں گے، ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز کو سننا چاہیے۔ ’عمران خان کے جانشین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاؤں گا۔ جب تک ہوں خان صاحب کے نمائندے کے طور پر کام کروں گا۔‘