پاکستانی قوم مسائل کا حل نکالنا جانتی ہے، سفیر پاکستان
پاکستان کلچرل گروپ اور ڈاکٹرز گروپ کے زیر اہتمام تقریب
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہاہے کہ پاکستانی قوم مسائل کا حل نکالنا جانتی ہے۔ ہمارے لوگوں کے سامنے کوئی مقصد ہو تو اسے فوری حل کر لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارت خانہ پاکستان میں کلچرل گروپ اور ڈاکٹرز گروپ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کو یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ یہاں کے مخیر حضرات اپنے ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔انسانیت کی خدمت کرنا بہت بڑی عبادت ہے۔جو اللہ کے بندوں سے پیار کرتا ہے، وہ اس سے پیار کرتا ہے۔اس موقعہ پر کلچرل گروپ کے جنرل سیکرٹری ظفراللہ خاں نے بتایا کہ سعودی عرب میں 26 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں ۔ان کے روزہ مرہ کے مسائل کو ملکر حل کرنا ہم سب پر فرض ہے۔تقریب سے شمشاد صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔