ناصریہ اسکول کی تعمیر کا کام سال رواں کے آخر میں ہوگا، سفیر پاکستان
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)ریاض میں ناصریہ اسکول کی تعمیر کا آغاز اس سال کے آخر میں شروع ہو جائے گا جبکہ دمام اور مدینہ منورہ میں بھی پاکستانی اسکولوں کا جلد آغاز کیا جائے گا۔سعودی وزارت تعلیم کے ساتھ ہماری بات چیت جاری ہے۔ سعودی وزارت تعلیم کے پاس کچھ ایسی بلڈنگز موجود ہیں جو ان کے زیر استعمال نہیں۔ پہلی ترجیح میں زمین خرید کر اس پرا سکول کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بات سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے سفارتخانے میں منعقد ہونے والے افطار پروگرام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیرز پاکستانیوں کی خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ گزشتہ سال20 بلین ڈالرز کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئیں جبکہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ6 بلین ڈالرز پاکستان بھجوا کر پہلے نمبر پر رہے۔ سفیر پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی ورکرز کا کلیدی کردار ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز، انجینئرز اور ورکرز نے احسن انداز میں اپنا کردار نبھایا ہے جس سے پاکستان کے مقام میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو ان کے نزدیک 3 پہلو سب سے نمایاں تھے ،پہلا یہ کہ پاک ،سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ دوسرا سیاسی اور سیکورٹی تعلقات جو پہلے سے بہتر ہیں، ان کومزید تقویت بخشی جائے۔ اس کے علاوہ پاکبانوں کی بہتری کے لئے کام کیا جائے۔ اس میں پاکستانی اسکولوں کی تعمیر، اسکولوں کے مسائل کا حل، روزگار کے مواقعے پیدا کرنا اور پاکبانوں کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔کمیونٹی کی خدمات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ ان کو یہ جان کر بڑی خوشی ہوئی سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی بڑی منظم ہے اور اپنے ہم وطنوں کے مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ مشکلات میں لوگوں کی بھرپور مدد کرتی ہے۔ ہمیں پاکستانی سوچ کو بروکار لاتے ہوئے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا۔پاکبانوں کو چاہئے کہ وہ اتفاق کو فروغ دے کر ایک ہو کر رہیں اور سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں۔ سفارت خانہ پاکستان کے دروازے کمیونٹی کے لئے کھلے ہیں۔میری اور سفارت خانہ کے دیگر عملے کی کوشش ہوگی کہ ایمبیسی آنے والے افراد کو بہتر سہولیات فراہم کی جاہیں۔افطار پارٹی کی نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے ادا کئے جبکہ سفارت خانے کے ہال میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔