نیرج چوپڑا کا جسپریت بمراہ کو مزید رفتار سے بولنگ کرنے کا تکنیکی مشورہ
نیرج چوپڑا کا جسپریت بمراہ کو مزید رفتار سے بولنگ کرنے کا تکنیکی مشورہ
پیر 4 دسمبر 2023 17:17
انہوں نے مزید کہا کہ ’بطور جیولِن تھروور ہم اکثر اس بات پر بحث کرتے ہیں کہ بولر کیسے اپنی رفتار کو بڑھا سکتے ہیں (فوٹو: اے اپف پی)
انڈیا کے گول میڈلسٹ ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے اپنے قومی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ایک مشورہ دیا ہے جس سے وہ اپنی بولنگ میں مزید رفتار پیدا کر سکتے ہیں۔
نیرج چوپڑا نے نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر جسپریت بمراہ اپنے رن اپ کو تھوڑا اور بڑھا لیں تو اُن کی بولنگ میں مزید سپیڈ پیدا ہو جائے گی۔
وہ کہتے ہیں کہ ’مجھے جسپریت بمراہ پسند ہیں۔ مجھے اُن کا ایکشن منفرد لگتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر وہ اپنا رَن اپ مزید بڑھا لیں تو اُن کی رفتار میں اضافہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بطور جیولِن تھروور ہم اکثر اس بات پر بحث کرتے ہیں کہ بولر کیسے اپنی رفتار کو بڑھا سکتے ہیں۔ اگر وہ تھوڑا مزید پیچھے سے بھاگ کر آئیں تو ان کے گیند کی رفتار مزید بڑھ سکتی ہے۔‘
نیرج چوپڑا 19 نومبر کو آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں موجود تھے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نے پہلی مرتبہ کوئی پورا میچ دیکھا تھا۔ جب انڈیا کے تین آؤٹ ہوگئے تو میں اُس وقت فلائٹ میں تھا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’جب وراٹ بھائی اور کے ایل راہُل بیٹنگ کر رہے تھے تو میں وہاں پہنچا۔ کچھ تکنیکی باتیں ہیں جو مجھے سمجھ نہیں آتیں۔ دن میں بیٹنگ آسان نہیں تھی۔‘
نیرج چوپڑا نے مزید کہا کہ ’شام کے وقت میرے خیال سے بیٹنگ کرنا آسان ہوگئی تھی لیکن ہمارے لڑکوں نے کوشش کی۔ کبھی کبھار ہمارا دن نہیں ہوتا لیکن سچ کہوں تو تمام لڑکوں کا ٹورنامنٹ شاندار رہا۔‘
سپرسٹار جیولِن تھرورر کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم ذہنی طور پر مضبوط اور میچ کے بارے میں پراعتماد تھی۔
یاد رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کر لیا تھا۔
خیال رہے چیک ریپبلک کے جان زیلیزنے اور ناروے کے انڈریاس تھورکلڈسن کے بعد نیرج چوپڑا تیسرے جیولِن تھروور ہیں جن کے پاس اولمپکس اور ورلڈ چیمپیئن شپس کے ٹائٹل ہیں۔