انگلینڈ کی پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ’بمراہ نے چھکا مار دیا‘
انگلینڈ کی پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ’بمراہ نے چھکا مار دیا‘
منگل 12 جولائی 2022 18:20
جسپریت بمراہ نے 19 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان جاری تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلش بیٹنگ لائن اپ بری طرح ناکام ہو گئی جس کے بعد انڈین ٹیم نے 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔
منگل کو لندن میں اوول کے تاریخی گراؤنڈ پر ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 25.2 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے سٹار بولر جسپریت بمراہ نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین سٹوکس صرف 30 رنز بنا کر نمایاں رہے ہیں۔
انگلینڈ کی اننگز میں جیسن رائے، جو روٹ، بین سٹوکس اور لائم لیونگسٹون صفر رن پر آؤٹ ہوگئے۔
انڈیا کی جانب سے جسپریت بمرا نے چھ، محمد شامی نے تین اور پراسدھ کرشنا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں انڈیا نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
انڈین اوپنرز شیکھر دھون 31 اور روہت شرما 76 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انجری کا شکار انڈین بیٹر وراٹ کوہلی اس میچ میں نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ شریاس ایئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
انڈیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کے 110 رنز پر آؤٹ ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ مداحوں کے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔شبھ اگروال نے اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’انگلینڈ نے ٹیسٹ مورگن کی ون ڈے ٹیم کی طرح کھیلا تھا۔ اب وہ ون ڈے میچز روٹ کی ٹیسٹ ٹیم کی طرح کھیل رہے ہیں۔‘
عرفان لکھتے ہیں کہ 'مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے کہ ’میں نے والش، ہیڈلی، لِلی جیسوں کو نہیں دیکھا ہے، میں نے عظیم ترین جسپریت بمراہ کو باؤلنگ کرتے دیکھا ہے۔‘
فرضی نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’روٹ اب ڈریسنگ روم کی طرف روٹ لے سکتے ہیں۔‘
سشانت مہتا نے لکھا ہے کہ ’بمراہ نے انگلینڈ کو چھکا مار دیا ہے، وکٹ، وکٹ، وکٹ، وکٹ، وکٹ، وکٹ۔‘
انگلیںڈ کے 111 رنز کے ہدف میں انڈین ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر ہونے کے بعد انڈیا نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی تھی۔