مملکت کے کن علاقوں میں جمعے کو بارش کی توقع ہے؟
مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے(فوٹو، ایس پی اے)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعہ کو مملکت کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں گردوغبار بھی چھایا رہے گا۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق الجوف ، حائل ، تبوک ، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، الباحہ ، عسیر ، جازان اورشمالی حدود کے علاقوں میں گردو غبار کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں رات کے آخری پہر اورصبح سویرے گہری دھند بھی چھائی رہے گی جس کی وجہ سے ہائی ویزے پرسفر کرنے والے خصوصی احتیاط برتیں۔
واضح رہے سعودی عرب میں ان دنوں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے مملکت کے متعدد علاقوں میں تیز بارش جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری بھی ہوئی جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔