’ سعودی عرب انسانی حقوق کے تحفظ کےلیے کوشاں ہے‘
سیمینار میں انسانی حقوق کے حوالے سے کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ہیومن رائٹس کمیشن کے نائب سربراہ ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمن آل الشیخ نے بیجنگ میں ایک سیمینار سے خطاب میں انسانی حقوق کے حوالے سے مملکت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت میں انسانی حقوق کے تحفظ میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں‘۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمن نے کہا کہ’ سعودی وژن 2030 نے ایک واضح نظام دیا ہے جس میں عوامی پالیسوں اور پروگراموں کی وضاحت کی گئی ہے‘۔
وہ جمعے کو بیجنگ میں انسانی حقوق کے عالمی منشور کی 75 ویں سالگرہ پر بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کررہے تھے, سیمینار کا اہتمام چین میں انسانی حقوق فروغ کے چینی فنڈ نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اسلامی اقدار اور اس کے آئینی اصولوں کی بنیاد پر انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے‘۔
سعودی عرب انسانی حقوق کے سلسلے میں بنیادی بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے ہوئے ہے۔
ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمن نے کہا کہ’ انسانی حقوق کا عالمی منشور بین الاقوامی چارٹر ہے۔ جسے اقوام متحدہ نے انسانوں کے وقار اور ان کےمساویانہ حقوق کے تحفظ کے لیے جاری کیا ہوا ہے‘۔
انہوں نے سعودی اسانی حقوق کمیشن کے کردار کی بھی وضاحت کی جو بین الاقوامی معیارات اور اسلامی قانون کے اصلوں کے مطابق کام کرتا ہے۔