کثیرالملکی مشترکہ فوجی مشق ’فجر الشرق‘ اختتام پذیر، پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ
مشق میں پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی سپیشل فورسز نے شرکت کی۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
کثیرالملکی مشترکہ خصوصی فورسز کی مشق ’فجر الشرق‘ پنجم کی اختتامی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔
سنیچر کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملٹی نیشنل جوائنٹ سپیشل فورسز کی مشق میں پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی سپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا۔
دو ہفتوں پر مشتمل مشق کا آغاز 27 نومبر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) میں ہوا جس میں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں برادر ممالک کے خصوصی دستوں نے شرکت کی۔
مشق کرنے والے فوجیوں کے علاوہ برادر ممالک بحرین، عراق اور کویت کے افسران نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
مشق کے آخری دن شرکاء ممالک کی سپیشل فورسز نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس مشق کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید تقویت دینا اور انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ روزگار کے تصورات کو فروغ دینے کے علاوہ مستقبل کے فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔