Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بیٹے کا باپ سے پیسے اینٹھنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ

پولیس نے 20 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پالگھر سے تعلق رکھنے والے ایک 20 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے والد سے رقم بٹورنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا لیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق 7 دسمبر کو پولیس کو وسائی کے فادرواڑی علاقے کے ایک رہائشی کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ ان کا بیٹا گھر سے باہر گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔
8 دسمبر کو گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران شکایت کنندہ کو ان کے بیٹے کا فون آیا جس میں کہا گیا کہ تین افراد نے انہیں اغوا کر کے قید میں رکھا ہوا ہے اور وہ 30 ہزار روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کال میں بیٹے نے یہ بھی کہا  کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو وہ  اسے مار ڈالیں گے۔
بیٹے نے ادائیگی کے لیے اپنے والد کو ایک QR کوڈ بھی بھیجا تھا۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس کی چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور انہوں نے اس شخص کو وسائی، ویرار، نالاسوپارہ اور دیگر مقامات پر تلاش کیا۔ مختلف لیڈز پر کام کرنے کے بعد، اس شخص کا ہفتے کے روز وسائی فاٹا سے سراغ لگایا گیا۔
جب پولیس نے پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ بیٹا اپنے والد سے رقم وصول کرنا چاہتا تھا جو وہ دینے کو تیار نہیں تھے۔ پولیس نے 20 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

شیئر: