انڈیا میں اپنی ساتھی کو ’پریشر کُکر مار کر‘ قتل کرنے والا شخص گرفتار
ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔ (فوٹو: فلکر)
انڈیا کی ریاست کرناٹک کی پولیس نے ایک شخص کو مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو پریشر کُکر سے مارنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق قتل کا یہ واقعہ سنیچر کو بینگلورو میں پیش آیا ہے۔ ملزم کو اپنی ساتھی پر شک تھا کہ وہ اس کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہیں۔
24 برس کی دیوا کا تعلق کیرالہ سے تھا اور وہ گذشتہ دو برس سے اپنے ساتھی ویشنو کے ساتھ کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہ رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’دونوں نے ایک ہی کالج سے پڑھا تھا اور وہ مارکیٹگ اور سیلز کے شعبے میں کام کر رہے تھے۔‘
ہمسایوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ آپس میں اکثر لڑ پڑتے تھے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میں سے کسی نے بھی پولیس میں شکایت درج نہیں کی تھی۔
جنوبی بینگلورو کے سینیئر پولیس افسر سی کے بابا نے کہا کہ ’ویشنو کو اپنی ساتھی کے بارے میں شک ہوا تھا اور وہ اس سے لڑ پڑے تھے۔ اتوار کو یہ واقعہ پیش آیا اور اس نے خاتون کو پریشر کُکر سے مارا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں خاتون کے والدین سے ملا ہوں اور میں جائے وقوعہ پر بھی گیا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں گزشتہ کئی دنوں سے لڑ رہے تھے۔ خاندان نے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔‘
ساتھی کو قتل کے بعد ویشنو فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔
سینیئر پولیس افسر سی کے بابا نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو گیا ہے اور تفتیش بھی جاری ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب دیوا کی بہن کا ٹیلی فون پر رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔
دیوا کی بہن نے ہمسایوں سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔
گزشتہ سال نومبر میں دہلی میں ایک شخص نے جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو قتل کر کے اس کی لاش کے 35 ٹکڑے کیے اور انہیں فریزر میں رکھ دیا تھا اور پھر 18 روز تک انہیں دہلی کے قریب ایک جنگل میں ایک ایک کر کے دفن کیا تھا۔