کاجول ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں اپنے کردار سے کیوں ناخوش تھیں؟
منگل 12 دسمبر 2023 16:40
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کرن جوہر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی (فائل فوٹو: فلم پوسٹر)
بالی وُڈ اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں وہ رانی مکھرجی کا کردار کرنا چاہتی تھیں اور اس حوالے سے اُن کی ہدایت کار کرن جوہر سے لڑائی بھی ہوئی تھی۔
نیٹ فلکس کے یوٹیوب چینل پر ایکٹرز راؤنڈ ٹیبل کے دوران اپنی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کاجول کا کہنا تھا کہ ’میں کچھ کچھ ہوتا ہے کی فلم بندی کے دوران کرن جوہر سے لڑی تھی۔ میں ٹینا کا کردار ادا کرنا چاہتی تھی جبکہ کرن جوہر نے کہا نہیں آپ انجلی کا کردار ادا کریں گی۔‘
کاجول کا مزید کہنا تھا کہ لڑائی کے دوران کرن جوہر نے انہیں ’شٹ اُپ‘ کہا مگر ’میں پھر بھی 45 منٹ تک کرن جوہر سے لڑتی رہی لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا۔‘
خیال رہے کہ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں مرکزی کردار شاہ رخ خان، رانی مکھرجی اور کاجول نے ادا کیا تھا اور اس فلم کا شمار بالی وُڈ کی سپرہِٹ ترین فلموں میں ہوتا ہے۔
اس فلم میں کاجول نے انجلی کا کردار نبھایا تھا جبکہ رانی مکھرجی اس فلم میں ٹینا کے کردار میں نظر آئیں تھیں۔
یہ فلم کرن جوہر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی۔ فلم میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارئیں اصلی زندگی میں کزنز ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران رانی مکھرجی نے کاجول کے ساتھ اپنے رشتے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اصلی زندگی میں کبھی اُن کے زیادہ قریب نہیں رہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’میں انہیں بچپن سے جانتی تھی اور وہ ہمیشہ میرے لیے کاجول دی دی تھیں اور میرے لیے تھوڑی انجان تھیں۔‘
رانی مکھرجی کا مزید کہنا تھا کہ وہ کاجول کی چھوٹی بہن تنیشا سے قریب تھیں اور ’کاجول دی دی ہمیشہ خاندان کے لڑکوں سے قریب رہی ہیں۔‘