اسرائیل نے حماس کی سُرنگوں میں پانی بھرنا شروع کر دیا، رپورٹ
رپورٹ کے مطابق سرنگوں میں پانی بہانے کا سلسلہ دو ہفتے میں مکمل ہو جائے گا۔ فوٹو: اے پی
اسرائیلی فوج نے غزہ میں موجود حماس کی سرنگوں میں سمندری پانی بھرنا شروع کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل اور چینل اے بی سی کی منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عہدیداروں نے اسرائیلی اقدام کی تصدیق کی ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق حماس کی سرنگوں کو پانی سے بھرنے کا سلسلہ تقریباً دو ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا۔
جبکہ اے بی سی نیوز چینل کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنی اس حکمت عملی کے مؤثر ہونے کا اندازہ لگانے کے پیش نظر فی الحال محدود مقدار میں سمندری پانی سرنگوں میں بہائے گا۔
اسرائیلی فوج نے ان میڈیا رپورٹس پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی رابطہ کرنے پر وزارت دفاع کے ترجمان نے جواب دیا۔
بائیڈن انتظامیہ کے چند عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس اقدم سے سرنگوں کو نقصان پہنچے گا جہاں اسرائیل کے خیال میں حماس نے یرغمالیوں اور جنگجوؤں سمیت اسلحہ بھی چھپا رکھا ہے۔
دیگر حکام نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ سمندری پانی غزہ میں تازہ پانی کی فراہمی کو خطرے میں ڈال دے گا۔