سیاحت سے قومی پیداوار میں تین سے دس فیصد تک اضافہ ہو گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ’ ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی کے دوران سعودی عرب روزگار کے ڈھائی لاکھ مواقع فراہم کرے گا‘۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق لیبر مارکیٹ کی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب ایکسپو 2030 کے موقع پرایک ہزار ہوٹل کمرے مہیا کرے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ’ سعودی عرب 2019 میں سیاحت کی قومی حکمت عملی متعارف کراچکا ہے۔ اس کے تحت سیاحت سے قومی پیداوار میں تین سے دس فیصد تک اضافہ ہو گا۔ 2030 تک دس لاکھ اضافی اسامیاں پیدا کرنا ہوں گی۔‘
احمدالخطیب نے کہا کہ ’2030 تک عالمی آبادی 8.5 ارب تک پہنچ جائے گی۔ بیشتر خدمات کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ ان میں لیبر مارکیٹ شامل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ’ سیاحت کا شعبہ بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کا دس فیصد ہے۔ اس مارکیٹ سے 2019 میں 330 ملین افراد کو روزگار مل رہا تھا۔ کورونا وبا کے دوران ہوٹلوں اور فضائی کمپنیوں پر سب سے زیادہ برا اثر پڑا‘۔ ’اس شعبے کے 60 ملین افراد روزگار محروم ہوگئے۔ اب اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی ادارے سیاحت اور سیاحتی کونسل کے مطابق کورونا سے پہلے کا دور واپس آگیا ہے جو اچھی بات ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’ سیاحت کا عالمی شعبہ لیبر مارکیٹ کے دس فیصد افراد کو ملازمت دے رہا ہے۔ مستقبل میں اس کے بڑھنے کے امکانات روشن ہیں۔‘