80 ہزار سے زیادہ سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع
لیبر مارکیٹ کی ضرروت کے مطابق سعودی نوجوانوں کو تیار کیا جا رہا ہے( فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے قومی ادارے نے سالِ رواں کے ابتدائی نو ماہ کے دوران 80 ہزار سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق قومی ادارے کے ترجمان فہد العتیبی نے بتایا کہ’ ایک مربوط پروگرام کے تحت روزگار فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے‘۔
’ادارہ ٹریننگ ڈپلومہ کرنے والے سعودی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کےلیے منصوبہ بندی سے کام کر رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ کالجوں اور انسٹی ٹیوٹس کے درمیان تعاون سے ایسے کورس کرائے جاتے ہیں جن میں مہارت رکھنے والوں کی لیبر مارکیٹ میں ضرورت ہوتی ہے‘۔
فہد العتیبی نے مزید کہا کہ ’قومی ادارے نے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ لینے والے طلبہ کو روزگارکی فراہمی کےلیے پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کے ساتھ 110 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے‘۔
علاوہ ازیں مملکت کے مختلف علاقوں میں 337 روزگار پروگرام نافذ کیے۔ جہاں کمپنیوں اور اداروں کے متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔