کیا آپ نے کھجور سے بنے عطر اور شیمپو استعمال کیے ہیں؟
کھجور سے بنے عطرکی قیمت 200 سے 300 ریال تک ہوتی ہے ( فوٹو: العربیہ)
سعودی میں کھجوروں کی کاشت کاری اور اس کی صنعت سے وابستہ ایک کاشت کار نے کھجور کے گودے اور اس کے اجزا سے عطر اورشیمپو تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی شہری علی یاسین جو گزشتہ تین دہائیوں سے کھجوروں کی صنعت سے وابستہ ہے نے بتایا’ 1988 میں کھجور کی کاشت کاری سے منسلک ہوا تھا، پیداوارکو جلد کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی‘۔
بعدازاں دیگر شعبوں میں کھجور کے درختوں اوراس کے پھل پر تجربات کرتے رہے۔ 2015 میں ہم نے کھجور کی صنعت میں جدت پیدا کرتے ہوئے ’کھجور پاوڈر‘ کی تیاری میں کامیابی حاصل کی جو چینی کا نعم البدل ہے۔
ان کہنا تھا ’ہمارا سفر یہیں پررکا نہیں بلکہ جاری رہا۔ ہم نے کھجور سے مزید 60 مصنوعات تیار کیں جن میں کھجور کے کیپسول، گولیاں اوردیگر اشیا شامل تھیں۔ اب اس صنعت کو مزید فروغ دیتے ہوئے اس کا عطر بھی تیار کرلیا‘۔
علی یاسین نے بتایا کہ’ کھجور سے عطر سازی کا خیال کھجور کی اہمیت و خصوصیت کی وجہ سے آیا۔ اس کے لیے کھجور سے نکالے گئے بہترین قدرتی عناصر کو استعمال کرتے ہوئے اس میں مزید مخصوص تیل کو شامل کرتے ہیں جس کے بعد عطر تیار کیا جاتا ہے جس کی قیمت 200 سے 300 ریال تک ہوتی ہے‘۔