Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق امیر کویت کے انتقال پر پاکستان میں یوم سوگ

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’کویت اور اس کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ (فوٹو: سینیٹ پاکستان)
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے کہا ہے کہ پاکستان پیر کو کویت کے حکمران شیخ نواف آلاحمد الجابر الصباح کے انتقال کی وجہ سے ’یوم سوگ‘ منائے گا۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ پیر کو شیخ نواف کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت جائیں گے۔
اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیر کو وفد کے ہمراہ کویت کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور کویتی سفیر سے سابق امیر شیخ نواف آلاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ ’امیر کویت کا انتقال نہ صرف کویت کے شاہی خاندان اور عوام بلکہ پاکستانی عوام کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔’ہم نے ایک سچے دوست اور متحرک لیڈر کو کھو دیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام، عالمی ترقی کے لیے ان کی ذاتی وابستگی اور قوموں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے امیر کویت کی خدمات طویل عرصے تک یاد ر کھی جائےگی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں کویت اور اس کے عوام کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔ ’خدا شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی مغفرت اور درجات بلند کرے۔‘
صادق سنجرانی نے مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں تعزیتی کلمات قلمبند کیے۔ وفد میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز نصیب اللہ بازئی، محمد عبدالقادر اور دنیش کمار شامل تھے۔
شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کویت کے 16 ویں امیر تھے۔ وہ کئی وزارتوں اور عہدوں پر فائز رہے۔
نومبر کے آخر میں انہیں طبی ایمرجنسی کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا, تاہم بعد میں ان کی حالت غیر مستحکم قرار دی گئی۔
کویت کے سابق امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی نماز جنازہ گذشتہ روز ادا کی گئی تھی جس میں امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے بھی شرکت کی ہے۔

شیئر: