Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کے شمال مغربی صوبے گانسو میں زلزلہ، 110 سے زائد افراد ہلاک

زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں نے ملبے کی کھدائی کے کام کا آغاز کر دیا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
چین میں حکام کے مطابق ملک کے شمال مغربی حصے میں زلزلے سے عمارتیں گرنے سے کم از کم 111 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
چین کے سرکاری چینل سی سی ٹی وی نے منگل کو بتایا کہ زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں نے ملبے کی کھدائی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
سی سی ٹی وی نے صوبائی زلزلہ ریلیف ہیڈ کوارٹر کے حوالے سے کہا کہ گانسو صوبے میں شدید زلزلے کے بعد تقریباً 100 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق پڑوسی صوبے چنگھائی کے شہر ہائیڈونگ میں 11 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ژنہوا‘ نے کہا کہ زلزلے سے مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور لوگ خود کو بچانے کے لیے سڑکوں پر بھاگتے رہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے ملبے میں دبے افراد کی تلاش اور امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ زندہ بچ جانے والوں اور ان کی املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ’ہر ممکن کوشش‘ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چنگھائی کے ساتھ سرحد کے قریب واقع گانسو میں آنے والے اس زلزلے کی شدت امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 5.9 تھی۔
زلزلے کا مرکز گانسو صوبے کے دارالحکومت لانژو سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔ ابتدائی زلزلے کے بعد کئی چھوٹے زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔

شیئر: