Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ کے اجلاس میں سعودی، قطر تعلقات پر تبادلہ خیال

کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو ریاض میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، قطر کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ قطر اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے سعودی، قطر رابطہ کونسل کے اجلاس کی کامیابیوں کو سراہا جس میں دونوں ملکوں کےدرمیان مختلف معاہدوں اور مفاہتت کی یادداشتوں کو اجاگر کیا گیا۔
اجلاس میں امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ملک کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
سعودی کابینہ نے غزہ میں اسرائیلی حملے رکوانے کے حوالے سیاسی و انسانی ہمدردی کے اقدامات میں مملکت کی فعال شمولیت کا بھی جائزہ لیا۔ ان کوششوں کا مقصد شہریوں کا تحفظ اور متاثرین کو امداد کی فراہمی ہے۔
کابینہ نے ایکسپو 2030 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر ولی عہد کی کوششوں کی تعریف کی اور ووٹ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ دنیا بھر سے لوگ اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت اور ریاض میں مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا مشاہدہ کریں گے۔
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے جی سی سی کی سپریم کونسل کے اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے اجتماعی کوششوں اور  تمام شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔
کابینہ نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مزید شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

شیئر: