اداکارہ میرا کے گھر ڈکیتی، ہیروں کے ہار سمیت 20 لاکھ کی گھڑی چوری
میرا نے ایف آئی آر میں چوری کا الزام اپنے ملازم پر عائد کیا ہے۔ فوٹو: میرا انسٹاگرام
پاکستان کی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا کے گھر سے ہیروں کے ہار سمیت قیمتی اشیا چوری ہو گئی ہیں۔
لاہور کے ڈیفنس تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق چوری کا واقعہ جمعرات کی رات کو پیش آیا ہے۔
اداکارہ میرا کی مدعیت میں درج مقدمے میں ایک کروڑ مالیت کی اشیا کی چوری کا الزام گھر کے ایک ملازم پر عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں درج میرا نے اپنے بیان میں کہا ’جب میں رات 12 بج کر تیس منٹ پر شاپنگ کر کے گھر واپس آئی تو میں نے دیکھا میرے ٹرنک میں سے جیولری جس میں دو ڈائمنڈ کے سیٹ اور ایک گھڑی غائب تھی۔‘
’میں نے اپنے ملازمین سے پوچھا تو میرا ایک ملازم جس کا نام قاسم ہے، گھر پر موجود نہیں تھا۔ اس کا فون نمبر بھی مسلسل بند ہے۔‘
ایف آئی آر کے مطابق جواہرات کی مالیت 80 لاکھ ہے جبکہ گھڑی کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملازم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔