شاہد کپور کی اہلیہ مِیرا راجپوت نے اپنے دیور کو تھپڑ کیوں مارا؟
فلم ’دل چاہتا ہے‘ سنہ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ اداکار شاہد کپور کی اہلیہ مِیرا راجپوت نے نوجوان اداکار اور اپنے دیور ایشان کھتر کو اداکاری کرتے ہوئے تھپڑ مار دیا۔
اتوار کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شاہد کپور نے ایک رِیل شیئر کی جس میں شاہد کپور، ان کے بھائی ایشان کھتر اور اہلیہ مِیرا راجپوت سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دل چاہتا ہے‘ کے سِین کی نقل کر رہے ہیں۔
رِیل میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے ایشان کھتر اور مِیرا راجپوت کسی بات پر ایک دوسرے سے بحث کرتے ہیں، پھر شاہد کپور اپنے بھائی کو مِیرا راجپوت سے بات کرنے پر ابھارتے ہیں، جس کے بعد مِیرا غصے میں آ کر اپنے دیور کو تھپڑ مار دیتی ہیں اور پھر سب زور سے ہنس پڑتے ہیں۔
سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دل چاہتا ہے‘ کے اس سِین میں اداکارہ سچترا پلائی نے سیف علی خان کو تھپڑ مارا تھا۔
فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عامر خان، سیف علی خان، اکشے کھنہ، پریتی زنٹا اور سونالی کُلکرنی نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
شاہد کپور کی اس رِیل کو 31 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ صارفین اس کے بارے میں تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
راہول نامی صارف نے کہا کہ ’میں درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ دل چاہتا ہے میں اس تینوں کو کاسٹ کیا جائے۔‘
شاہد کپور کے ایک فین پیج نے لکھا کہ ’میں اسے بار بار دیکھ رہا ہوں، میں اپنی ہنسی پر قابو نہیں رکھ پا رہا۔‘
سومل گاندھی کا کہنا تھا کہ ’یہ جوڑی اگر فلم میں آجائے تو چھا جائے گی۔‘