کراچی ... ن لیگ کے رہنما اور مستعفی سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف کراچی کے بہادر آباد تھانے میں عدلیہ کو دھمکانے اور تضحیک آمیز الفاظ استعمال کرنے پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ یوم تکبیر پر نہال ہاشمی نے اپنی تقر یر میں عدلیہ کے خلاف دھمکی و تضحیک آمیز الفاظ استعمال کئے۔ عدلیہ اور سرکاری تحقیقاتی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام میں عدلیہ کے خلاف نفرت انگیز جذبات پیدا کر نے کی کوشش کی۔ سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی تقریر کا از خود نوٹس لیتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا ۔ عدالت نے کیس میں اٹارنی جنرل کو ا ستغاثہ کرتے ہوئے مقدمے کے اندراج کاجائزہ لینے اور شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر کارروائی کے لئے سندھ حکومت کو خط لکھا تھا جبکہ شواہد بھی عدالت میں جمع کرادئیے۔ سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ پیر کو کیس کی سماعت کرے گا۔