کمسن بیٹیوں کو واشنگ مشین کے ٹب میں ڈبو کر ہلاک کرنے والے سعودی کو سزائے موت
ایوان شاہی سے فیصلے کی توثیق کے بعد ریاض ریجن میں عملدرآمد کیا گیا( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ نے دو کمسن بیٹیوں کو انتہائی سفاکی سے قتل کرنے والے سعودی شہری کی سزائے موت پرریاض ریجن میں سنیچر کو عمل درآمد کردیا۔
اخبار 24 نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ ریاض میں مقیم سعودی شہری طلال العتیبی کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی تھی کہ اس نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو واشنگ مشین کے ٹب میں ڈبو کر ہلاک کردیا‘۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کیا جہاں مقدمے کی باقاعدہ سماعت اور اقبالی بیان و شواہد کی روشنی میں موت کی سزا کا حکم سنا یا گیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ’جرم کی سنگین نوعیت کو دیکھ کر قاتل کی سفاکی اور بے رحمی واضح ہے‘۔
ابتدائی عدالت کے فیصلے اور ریمارکس پر اپیل کورٹ نے بھی سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا۔
بعدازاں ایوان شاہی سے بھی سزائے موت کی توثیق ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے ریاض میں عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کرادیا۔