Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ تنازع پر سعودی عرب کی کوششیں انتہائی اہم ہیں: ترجمان اقوام متحدہ

تنازعہ کا سیاسی بنیادوں پر جامع حل تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ( فوٹو: اخبار24)
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈو نے کہا ہے کہ ’غزہ کے تنازع کو حل کرنے کےلیے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔‘ 
خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈو نے کہا کہ’ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے حل اور مستقل بنیادوں پر قیامِ امن کے لیے سعودی عرب کی جانب سے سیاسی اور سفارتی سطح پر کوششیں کی گئی ہیں۔ ریاض میں عرب اسلامی مشترکہ وزرا کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔‘ 
اقوام متحدہ کے ترجمان نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اقوم متحدہ کے سیکرٹیری جنرل انتونیو گوئتریس نے سعودی عرب کی قیادت میں ریاض میں عرب و اسلامی سربراہی وزارتی کمیٹی سے تفصیلی ملاقاتیں کیں تاکہ ان کے ساتھ مل کر تنازعہ کا سیاسی بنیادوں پر جامع حل تلاش کیا جاسکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’سیکریٹری جنرل نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی کے عمل پرزوردیا۔ اب ہماری بھر پور توجہ وہاں بنیادی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے امدادی اشیا کی فوری اور مسلسل ترسیل پر ہے۔‘
سٹیفن ڈو نے بتایا کہ ’روزانہ کی بنیاد پر 100 ٹرک متاثرین کے لیے بھیجے جار ہے ہیں۔ جہاں تک سیاسی پہلو کا تعلق ہے ہم القدس میں اپنے خصوصی رابط کار کے ذریعے اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ تنازعہ کا حل نکالا جاسکے۔‘ 
اقوام متحدہ کے کردار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ’سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل کے طریقہ کارمیں بہتری لانے پر زوردیا ہے تاکہ اس وقت دنیا کو جن مسائل کا سامنا ہے ان سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے۔عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے سفارتی عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔‘ 

شیئر: